راولپنڈی، پشاور، اسلام آباد (خبر نگار ،دنیا نیوز، اپنے نامہ نگار سے )وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے کہا ہے ہمیں اب عدلیہ سے کوئی امید نہیں رہی، ہمارے پاس آئینی راستہ ہے وہ احتجاج کا راستہ ہے۔
اپنا حق حاصل کرنے کیلئے تحریک کی طرف جائیں گے ،بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا میری بانی سے تفصیلی ملاقات ہوئی ہے ، ہمیں نظر نہیں آ رہا کہ عمران خان رہا ہوں گے ، ہم احتجاج کا حق رکھتے ہیں، یہ سمجھتے ہیں ڈنڈے کے زور پر ہمیں غلام بنائیں گے تو جان لیں ہم اب ڈنڈے کے مقابلے میں ڈنڈا ماریں گے اور گولیوں کے مقابلے میں گولیاں چلائیں گے ۔ مجھے کوئی گولی ٹھوکے گا تو مجھے بچانے والے اسے گولی ٹھوکیں گے ۔ ہماری تحریک بڑے صبر اور برداشت کے بعد چلے گی۔اگر اس ملک میں انسانی حقوق نہیں ہوں گے تو ہم نکلیں گے ، ہمارا بجٹ آنے والا ہے اس حوالے سے معاشی ٹیم کی ملاقات بجٹ سے پہلے کرائیں گے ، اگر ملاقات نہیں کرائی گئی تو پھر لائحہ عمل طے کریں گے ۔






